LIVE

ماہرہ خان نے اپنی قریبی دوست کے نام کہانی لکھ ڈالی

ویب ڈیسک
November 03, 2019
 

فوٹو: بشکریہ ماہرہ خان انسٹاگرام

پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی قریبی دوست کے نام کہانی لکھتے ہوئے کچھ پرانی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی قریبی دوست کے ساتھ پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے چند تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ طویل کیپشن میں ایک کہانی بھی لکھی۔


سپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں آپ سب کو یہ کہانی بتانا چاہتی ہوں، ایک لڑکی کی کہانی جس سے میں کافی سالوں پہلے ملی تھی، یہ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جس کا دنیا میں سب سے بڑا دل ہے۔‘

اداکارہ نے اپنی پرانی اور سب سے قریبی دوست کی کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ میں ’نارو‘ سے کالج میں ملی تھی، یہ میرے ساتھ ہر اس وقت کھڑی تھی جب میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا تھا، جب میں اسے اپنے تمام خوابوں کے بارے میں بتایا کرتی تھی تو یہ میری باتیں بہت ہی صبر کے ساتھ سنتی تھی۔

فوٹو: بشکریہ ماہرہ خان انسٹاگرام

ماہرہ خان نے اپنی دوست کے بارے میں مزید کہا کہ جب اس کے والد دنیا سے چلے گئے تھے تو یہ اپنی ماں کے سامنے کبھی نہیں روئی، یہ صرف میرے ساتھ کالج میں روتی تھی، 23 سال کی عمر سے اس نے اپنے والد کی چھوٹی سی کمپنی کو سنبھالا اور دن رات کام کرنے کے باوجود بھی یہ ہمیشہ میرے لیے حاضر ہوتی تھی۔

فوٹو: بشکریہ ماہرہ خان انسٹاگرام

ماہرہ نے اس کہانی میں اپنی دوست کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب  آج  میں نے اسے اسٹیج پر دیکھا، اس کے تمام خواب پورے ہو گئے، یہ پاکستان آٹو موٹو انڈسٹری کی واحد خاتون سی ای او ہے، اور یہ ہمیں بتاتی تھی کہ ’ایک دن ضرور مجھے اس طرح کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا۔‘

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی قریبی دوست کی کامیابی کی وجہ محنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھی نیت اور محنت سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے، مجھے یقین ہے کہ تمہاری اس کامیابی کا تعلق میری دعاؤں سے بھی ہے، میں تمہارے لیے بہت دعائیں کرتی ہوں، میری نارو میں تم سے بہت پیار کرتی ہوں اور مجھے تم پر فخر ہے۔