LIVE

ساؤتھ ایشین گیمز: پاکستان والی بال مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فیضان لاکھانی
November 30, 2019
 

پاکستان نے گروپ میچز میں مالدیپ اور سری لنکا کو شکست دی — فوٹو: سوشل میڈیا

ساؤتھ ایشن گیمز کے والی بال کے مقابلوں میں میں پاکستان ٹیم نے گروپ میں دونوں میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کل سے باضابطہ طور پر نیپال میں شروع ہوں گے لیکن والی بال کے مقابلوں کا آغاز پہلے ہی ہوگیا ہے۔ 

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ساؤتھ ایشین گیمز والی بال مقابلوں میں گروپ بی میں پاکستان نے ہفتے کو سری لنکا کو 1-3 سے شکست دی۔

سری لنکا نے پہلا سیٹ 28-30 کے اسکور سے جیتا لیکن اس کے بعد پاکستان نے اگلے 3 سیٹس 18-25، 20-25 اور 21-25 کے اسکور سے اپنے نام کرکے کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے گروپ میچ میں پاکستان نے مالدیپ کو باآسانی 0-3 سے آؤٹ کلاس کردیا تھا۔ پاکستان نے گروپ کے دونوں میچز جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا مقابلہ بنگلا دیش سے ہوگا۔