LIVE

تحریک انصاف کے سینیئر رہنما نے کرپشن میں اضافے کا اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک
December 02, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شمالی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر حسن مسعود ملک نے  صوبے میں کرپشن میں اضافے کا اعتراف کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف ملک میں کرپشن میں خاتمے کا دعویٰ کرتی رہی ہے لیکن اب خود ان کی جماعت کے سینیئر رہنما نے پارٹی کے برسراقتدار آنے کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرپشن میں اضافے کا اعتراف کیا ہے۔ 

پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر حسن مسعود ملک کی کارکنوں سے خطاب کی وڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات سب کو پتہ ہے کہ اس دور میں پٹواریوں کے ریٹ دگنے ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی عہدیدار نے کرپشن میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنے خطاب میں کارکنوں کو کام نہ کرنے والے افسران کے خلاف اکسانے کی بھی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ جو افسر کام نہ کرے اس کے پاس کارکنوں کو لے کر جائیں، اس افسر کی ’ایسی کی تیسی‘۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی تقاریر میں پچھلی حکومتوں پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں اور اس حوالے سے ایک کمیشن بھی بنایا گیا ہے جو 2008 سے 2018 تک لیے گئے قرضوں سے متعلق تحقیقات کررہا ہے۔