LIVE

ریلوے اسٹیشن پر شیخ رشید پر انڈے برسادیے گئے

ملک اصغر
December 13, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

 وزیر ریلوے شیخ رشید احمد خصوصی ٹرین کے ذریعے سرگودھا ریلوے اسٹیشن پہنچے تو ایک شخص نے  ان پر انڈے برسادیے تاہم خوش قسمتی سے وفاقی وزیر محفوظ رہے۔

ریلوے ٹریک کا معائنہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سرگودھا ریلوے اسٹیشن پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر ان کا استقبال کیاگیا۔

شیخ رشید بوگی کے دروازے تک پہنچے اور استقبال کے لیے آنے والوں کو ہاتھ ہلایا، انہیں ہاربھی پہنایا گیا لیکن اچانک ایک شہری نے انڈے پھینکنا شروع کردیے اور شیخ رشید کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

خوش قسمتی سے شیخ رشید انڈوں سے محفوظ رہے اور تمام انڈے ٹرین کی بوگی پر لگے۔

پولیس اہلکاروں نے انڈے برسانے والے کامران نامی شخص  کو فوری طور پر حراست میں لے لیا تاہم بعد ازاں اسے  ریلوے حکام کی ہدایت پر چھوڑدیا گیا۔

 ریلوے حکام نے شیخ رشید کی آمد پر ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے غفلت برتنے والے پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو میں انڈے پھینکنے والے شخص کا کہنا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے اور شیخ رشید کی جانب سے بلاول بھٹو کے خلاف بیانات پر  انہیں غصہ تھا۔