LIVE

کسٹم حکام کا طارق روڈ پر چھاپہ، بڑی تعداد میں اسمگل شدہ کپڑا برآمد

قمر علی مستوئی
January 06, 2020
 

کسٹمز اہلکاروں نے کپڑے کو تحویل میں لینے کے بعد 5 سے زائد ٹرکوں میں لوڈ کرکے سارا کپڑا کسٹم ہاؤس منتقل کردیا— فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے طارق روڈ پر دکانداروں نے کسٹمز کے چھاپے کے  خلاف احتجاجاً سڑک بند کردی جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں ٹریفک شدید جام ہوگیا۔

کراچی میں اسمگل شدہ مال بیچنے والوں کے خلاف کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے طارق روڈ کے شاپنگ مال سے لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی کپڑا برآمد کرلیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر  طارق روڈ پر واقع شاپنگ مال میں غیر قانونی اسمگل شدہ کپڑے کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ کپڑا برآمد ہوا۔

کسٹم اہلکاروں نے کپڑے کو تحویل میں لینے کے بعد 5 سے زائد ٹرکوں میں لوڈ کرکے سارا کپڑا کسٹم ہاؤس منتقل کردیا۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران اسمگلنگ میں ملوث دکانداروں نے ٹیم پر حملہ کیا اور انہیں کارروائی سے روکنے کی کوشش کی بھی کی جب کہ اس دوران کسٹم اہلکاروں اورمارکیٹ کے چوکیداروں میں فائرنگ کاتبادلہ بھی ہوا۔

 اس حوالے سے کراچی تاجر اتحاد کے صدر کا کہنا ہے کہ کسٹمز والے رات 3 بجے چھاپا مارکے 6 کنٹینرز لے گئے۔

چھاپے کے بعد دکانداروں نے احتجاجاً روڈ بلاک کردی جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا تاہم مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔