LIVE

نو مسلم کینیڈین وی لاگر نے لوگوں کے سخت سوالات کے جواب دیدیے

ویب ڈیسک
January 15, 2020
 

فائل فوٹو

حال ہی میں اسلام قبول کرنے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل کو تعریف اور تنقید دونوں کا سامنا ہے  جس پر انہوں نے لوگوں کے لیے چند بنیادی سوالات کے جوابات بھی دیے ہیں۔

کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے گزشتہ برس اپنا ایک طویل وقت پاکستان میں گزار، انہوں نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، اعلان کے بعد سے روزی گیبرئیل کو جہاں سراہا گیا وہیں انہیں تنقید کا بھی سامنا ہے۔

متعدد افراد نے ان سے پوچھا کہ اب جب انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے تو کیا وہ اپنا نام تبدیل کریں گی؟ حجاب کریں گی؟ اور کیا ان کے اہل خانہ کی جانب سے ان کے اس اقدام کو سراہا گیا؟

اس طرح کے تمام سوالات کے جوابات روزی گیبرئیل نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دیے۔

روزی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میں نے کبھی بھی اپنے کسی خواب میں ایسا ردعمل نہیں سوچا تھا جو مجھے اسلام قبول کرنے کے اعلان کے بعد سے ملا ہے، اس کے نتیجے میں مجھے جو توجہ ملی وہ بے حد حیران کن ہے، پیغامات اور کالز کا انبار ہے‘۔

کینیڈین وی لاگر گزشتہ برس ایک طویل وقت پاکستان میں گزار چکی ہیں—انسٹاگرام فوٹو

انہوں نے مزید کہا کہ’ میری زندگی کے نئے راستے میں جو تعاون اور محبت ملی ہے اس کے لیے میں واقعی بہت شکرگزار ہوں لیکن یہ میرے لیے نیا آغاز ہے، اس حوالے سے کہ میں نے دکھ درد، ڈر خوف سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور اپنی زندگی کو فلاح کے حوالے کردیا‘۔

وی لاگر  کا کہنا تھا کہ ’اسلام قبول کر کے میں نے اپنا دل اور دماغ صحیح راستے کی جانب گامزن کردیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے سب کے سامنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا وہ سب کی توجہ مرکوز کروانے کے لیے نہیں تھا کہ میرے فالوورز بڑھ جائیں بلکہ یہ اس لیے تھا تاکہ میں اپنے آپ کو احتساب کے قابل بناؤں جس کے لیے پوری دنیا گواہ ہو‘۔

روزی نے کہا کہ ’جب سے میں نے اسلام قبول کیا ہے تب سے کچھ ایسے سوالات ہیں جو مجھ سے مسلسل پوچھے جا رہے ہیں جب کہ میں ان کا جواب بھی پہلے دے چکی ہوں جن میں مندرجہ ذیل بھی شامل ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا میں اب اپنا نام تبدیل کروں گی؟ جس کا جواب ہے جی نہیں۔کیا میری فیملی نے نیا آغاز تسلیم کیا؟ جی ہاں۔کیا میں کوئی مسلک کا انتخاب کروں گی؟ جی نہیں۔کیا میں آپ سے شادی کروں گی؟ جی نہیں۔کیا میں حج یا عمرہ کروں گی؟ جی ہاں آئندہ سال۔

سوالات جاری رکھتے ہوئے روزی گیبرئیل نے بتایا کہ ’ان سے بہت سے لوگوں نے یہ بھی پوچھا ہے کہ کیا وہ حجاب کریں گی؟ جس پر جواب ہے جی نہیں کیونکہ یہ لازم نہیں اور کیا میں بائکنگ اور گھومنا چھوڑ دوں کو تو اس کا جواب بھی نہیں ہے‘۔

بعدازاں کینیڈین وی لاگر نے لکھا کہ ’حالانکہ متعدد افراد کے کمنٹس نے میری بہت حوصلہ افزائی کی لیکن کچھ سے مجھے تنقید کا بھی سامنا ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’بطور انسان ہم سب کو ڈر لگتا ہے جس کے بارے میں ہم نہیں جانتے، اس لیے مجھے وہ آواز بننے دیجیے جو انسانیت کے لیے مثال قائم کرسکے تاکہ سمجھ آسکے اصل دین کیا ہے اور اس سے جڑ کر کیسے پرُسکون زندگی گزارتے ہیں‘۔

آخر میں روزی گیبرئیل نے دلوں کے نرمی، کشادگی اور سکون کے لیے دعا کی۔