گزشتہ برس ایک طویل وقت پاکستان میں گزارے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے اس بات کا اعلان انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا اور لکھا کہ گزشتہ سال ان کی زندگی کے مشکل ترین برسوں میں سے ایک تھا اور زندگی کے تمام چیلنجز نے انہیں آج اس نقطے پر پہنچا دیا ہے۔
روزی گیبرئیل نے مزید لکھا کہ "بچپن سے ہی میرا تخلیق کے ساتھ منفرد رشتہ اور خدا سے ایک خاص تعلق تھا۔۔۔میرا راستہ آسان نہیں تھا اور میں نے درد بھری زندگی سے اپنے دل کے اندر بہت زیادہ غصہ جمع کیا ہوا تھا، ہر وقت خدا سے یہ شکایت رہتی کہ صرف میں ہی کیوں؟ پھر میں اس نتیجے پر پہنچی کہ اس سب کا کوئی مقصد تھا اور یہاں تک کہ میری تمام تر تکالیف بھی ایک تحفہ تھیں۔"
روزی گیبرئیل کے مطابق انہوں چار سال قبل ہی اپنا مذہب تَرک کر دیا تھا اور روحانی سکون کی تلاش کے ایک ایسے گہرے سفر میں چلی گئیں جو کہ "اپنی ذات اور اپنے خالق کی تلاش "کا سفر تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی اپنے خالق کو نہیں بھولیں بلکہ ان کا تعلق مزید مضبوط ہوتا گیا اور یہ کہ وہ اب کسی خوف کا شکار نہیں کیونکہ انہوں نے درست راستے کو مکمل طور پر تلاش کر لیا ہے۔
روزی گیبرئیل مزید لکھتی ہیں کہ "میں دل کا سکون، بخشش اور سب سے گہرا تعلق چاہتی تھی۔۔۔ اور اسی لیے میں نے اپنا سفر شروع کیا۔۔۔کائنات نے مجھے نہ صرف اپنے آپ کو چیلنج کرکے درد اور نفرت کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے بلکہ درست راستہ دکھانے کے لیے پاکستان پہنچایا۔"
کینیڈین بلاگر نے یہ بات بھی بتائی ہے کہ کیسے گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں یہ دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔
انہوں نے لکھا کہ "تمام مذاہب کی طرح بہت سی تشریحات ہیں، لیکن سب سے بنیادی یہ ہے کہ اسلام کا اصل مطلب ہی امن، محبت اور وحدانیت ہے، یہ صرف مذہب نہیں بلکہ زندگی کا نصب العین ہے۔ میں تکنیکی طور پر پہلے ہی مسلمان تھی بس شہادت یعنی گواہی صرف خدا سے عقیدت کے ذریعے وحدانیت، تعلق اور امن کے راستے پر اپنی زندگی کو دوبارہ صرف کرنا ہے۔