LIVE

پالتو کتے کے مسلسل بھونکنے پر پڑوسیوں کا تشدد، مالکن کو دل کا دورہ پڑ گیا

ویب ڈیسک
February 13, 2020
 

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، پولیس نے فی الحال اسے حادثاتی موت قرار دیا ہے— فوٹو: فائل

ممبئی: بھارت میں پالتو کتے کے مسلسل بھونکنے پر پڑوسیوں نے مالکن کو تشدد کا نشانہ بناڈالا جس کے کچھ دیر بعد وہ ہارٹ اٹیک سے چل بسی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے علاقے دومبیولی میں 4 خواتین نے کتے کے بھونکنے کی وجہ سے اس کی 35 سالہ مالکن ناگاما شیٹی پر تشدد کیا جس کے چند گھنٹوں بعد خاتون کے سینے میں درد ہوا جس پر اُنھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں خاتون وفات پاگئیں۔

مرنے والی خاتون بیوہ تھی اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ دومبیولی میں واقع فلیٹس میں رہتی تھی اور محلے میں گھومنے والے آوارہ کتوں کی دیکھ بھال بھی کیا کرتی تھی اور ان ہی کتوں کو لے کر محلے کی 4 خواتین سے اس کا جھگڑا ہوگیا تھا۔

متاثرہ خاتون ناگاما شیٹی واقعے کے بعد رپورٹ درج کرانے مقامی پولیس اسٹیشن پہنچی جس پر پولیس اہلکار نے خاتون کو اسپتال جاکر علاج کرانے کو کہا لیکن وہ اسپتال جانے کے بجائے واپس گھر چلی گئی۔

ڈی سی پی وویک پنسار کا واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ مرنے والی خاتون اور ملزمان کا جھگڑا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون شکایت درج کرانے پولیس اسٹیشن آئیں تھی جس پر ہم نے انھیں اسپتال جانے کو کہا مگر وہ واپس گھر چلی گئیں جس کے بعد متاثرہ خاتون کو سینے میں درد ہوا جس پر انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ پولیس نے فی الحال اسے حادثاتی موت قرار دیا ہے۔