LIVE

بچوں نے ماں کی لاش دفنانے کے بجائے فریزر میں رکھ لی، 12سال بعد برآمد

ذیشان شاہ
February 13, 2020
 

کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے خاتون کی 12 سال پرانی لاش بر آمد کرلی گئی، بچوں نے ماں کے انتقال کے بعد لاش کو دفنانے کے بجائے فریزر میں رکھ دیا تھا۔

گلشن اقبال بلاک 11 میں سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے کچرا کنڈی میں انسانی ڈھانچہ پھینکنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

تفتیش پر معلوم ہوا کہ ڈھانچہ گرفتار ملزم محبوب کی بہن ذکیہ کا ہے جو کہ 12 سال قبل انتقال کرگئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ذکیہ کا انتقال ہوا تو اُس کے بیٹے اور بیٹی نے دفنانے کے بجائے ماں کی لاش فریزر میں محفوظ کرلی، تاکہ جب دل چاہے اس کو دیکھ سکیں۔

تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ماں کے انتقال کے بعد بیٹا اور بیٹی کہیں اور منتقل ہوگئے تھے اور وقتاً فوقتاً فلیٹ میں آکر ماں کی لاش کو دیکھا کرتے تھے۔

پڑوسیوں کے مطابق دونوں بہن بھائیوں کی ذہنی حالت مشکوک معلوم ہوتی تھی۔

جب ذکیہ کے بیٹے اور بیٹی کا بھی انتقال ہوگیا اور فلیٹ سے بدبو آنے لگی تو ہمسائیوں نے ذکیہ کے بھائی محبوب کو اطلاع دی جو کچھ دن دیکھ بھال کے بعد ڈھانچے کو ٹھکانے لگانا چاہ رہا تھا کہ پکڑا گیا۔

پولیس کو خاتون کے بھائی محبوب نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہےکہ اس کی بہن ذکیہ کی بیٹی شگفتہ 4 ماہ قبل انتقال کر گئی تھی، وہ 2 دن پہلے بہن کے گھر گیا تو دیکھا کہ بہن کی لاش بستر  پر  پڑی ہے، ذکیہ کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ محبوب کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے جب کہ لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا تاکہ معلوم ہوسکے کہ ذکیہ کی موت طبعی تھی یا قتل کیا گیا۔