LIVE

نواز شریف کی والدہ بیٹے کی عیادت کیلئے لندن روانہ

ویب ڈیسک
February 15, 2020
 

سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر بیٹے کی عیادت کےلیے لندن روانہ ہوگئی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 757 سے لندن راونہ ہوئیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بہن کوثر اور بہنوئی یوسف عزیز بھی بیگم شمیم اختر کے ہمراہ ہیں۔

نواز شریف کی والدہ لندن میں زیر علاج اپنے بیٹے نواز شریف کی عیادت کریں گی۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  نواز شریف کو دل کی تکلیف ہے اس لیے ان کی عیادت کے لیے بیگم شمیم اختر  لندن جارہی ہیں۔

مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم شمیم اختر کو ان کی صحت اور عمر کے تناظر میں لندن جانے سے منع بھی کیا گیا تھا تاہم انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ  نواز شریف کے علاج کے موقع پر ان کے پاس رہنا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی اپنے والد کی عیادت کے لیے لندن جانا چاہتی تھیں جس کے لیے انہوں نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام  نکالنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جب کہ کابینہ کی جانب سے ان کو باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی جاچکی ہے۔