LIVE

23 سالہ جدوجہد میں نعیم الحق ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے، عمران خان

ویب ڈیسک
February 15, 2020
 

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ ساتھی اور معاون خصوصی نعیم الحق کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے نعیم الحق کے ساتھ اپنی یادگار تصویر شیئر کی اور کہا کہ  انہیں اپنے دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر دھچکا لگا ہے، وہ  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے 10 بانی ارکان میں سے ایک اور سب سے وفادار تھے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدو جہد میں نعیم الحق ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور  ہر طرح پارٹی کی مدد کی۔

 ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سالوں میں  نعیم الحق نے ہمت اور بہادری کے ساتھ کینسر کا مقابلہ کیا۔

عمران خان کے مطابق نعیم الحق آخری وقت تک پارٹی معاملات میں شامل رہے اور جب تک  ممکن تھا کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شریک ہوتے رہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نعیم الحق کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔

خیال رہے کہ  نعیم الحق آخری وقت میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور  تھے اور گذشتہ 2 سالوں سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھے جو آج کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔