LIVE

والدین کو اپنے ہی وکیل بیٹے سے جان کا خطرہ، تحفظ کیلئے عدالت پہنچ گئے

امین انور
February 24, 2020
 

کراچی میں بوڑھے ماں باپ وکیل بیٹے سے اپنی جان کے تحفظ کے لیے  سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

سندھ ہائی کورٹ میں بوڑھے والدین عدالت کے سامنے رو پڑے، ان کا کہنا تھا کہ  ان  کا سگا بیٹا ان کی جان کا دشمن بن گیا ہے  اور انہیں قتل کرنا چاہتا ہے۔

بوڑھے والدین کا کہنا تھا کہ بیٹے سلمان خان کو پڑھایا، لکھایا اور وکیل بنایا، پر کیا معلوم تھا کہ اپنا ہی سگا بیٹا جان لینے پر تل جائے گا اب وہ اپنے گھر بھی نہیں جاسکتے۔

بزرگ میاں بیوی کریم بخش اور جنت مائی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ہی بیٹے سے چھپتے پھر رہے ہیں، مختلف تھانوں کے ذریعے بیٹا سلمان خان ایڈووکیٹ ان کے خلاف مقدمات بھی بنوا رہا ہے۔

 عدالت کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ سندھ بار کونسل کہتی ہے کہ  وہ صرف وکیلوں کے معاملات دیکھتے ہیں۔

 بوڑھے ماں باپ کی دہائی پر عدالت نے سلمان خان ایڈووکیٹ،سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس ایس پی) سینٹرل، اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ او) پیر آباد اور  خواجہ اجمیر نگری سمیت وائس چیئرمین سندھ بار کونسل کو نوٹس جاری کردیے۔

 عدالت نے پولیس کو دونوں بزرگ شہریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی سے بھی روک دیا۔

یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ بیٹا اپنے والدین کو کیوں جان سے مارنا چاہتا ہے۔