LIVE

خیبر پختونخوا میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق، صوبے میں تعداد 12 ہوگئی

ویب ڈیسک
February 29, 2020
 

ضلع کرک کے علاقے تخت نصرت میں 14 ماہ کے بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی: محکمہ صحت خیبرپختونخوا— فوٹو:فائل

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا جس کے بعد صوبے میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت حکام کے مطابق ضلع کرک کے علاقے تخت نصرت میں 14 ماہ کے بچے میں پولیو  وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال صوبے بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق رواں سال لکی مروت میں سب سے زیادہ 10 کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ ایک کیس صوابی میں سامنے آیا۔

نئے کیس کے رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پولیو کے اعتبار سے پاکستان کے لیے انتہائی خطرناک رہا اور ملک بھر میں 146 کیس رپورٹ ہوئے تھے جن میں صرف 92 کیسز خیبرپختونخوا میں سامنے آئے تھے۔