LIVE

جنوری کی نسبت فروری میں افراط زر کی شرح میں 2 فیصد سے زیادہ کمی آئی، وزیراعظم

ویب ڈیسک
March 02, 2020
 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے جنوری کی نسبت فروری میں افراط زر کی شرح میں 2 فیصد سے بھی زیادہ کمی آئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مہنگائی میں کمی اور عوام کا بوجھ ہلکا کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی کے کابینہ کے فیصلوں اور یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے اشیائے خورونوش پر سبسڈی کے نمایاں ہوتے ثمرات باعث مسرت ہیں۔

خیال رہے کہ ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے مقابلے میں فروری کے دوران مہنگائی میں 1.04 فیصد کمی ہوئی اور جولائی سے فروری تک مہنگائی کی شرح 11.70 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ویجیٹیبل آئل کی قیمت میں13اعشاریہ 15 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمت میں 10 اعشاریہ 27 فیصد، چینی 8 اعشاریہ 45 فیصد اور تازہ سبزیاں 4 اعشاریہ 16 مہنگی ہوئیں۔

اس کے علاوہ مرغی کا گوشت 2 اعشاریہ 35 فیصد مہنگا ہوا جب کہ ٹماٹر کی قیمت میں 60 اعشاریہ 27 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 26 اعشایہ 36 فیصد کمی ہوئی۔