LIVE

ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر کا سعید اجمل کو نوٹس

عرفان اللہ
March 04, 2020
 

ایف بی آر نے سابق کرکٹر کو فوری طور پر رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے،فوٹو؛فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سعید اجمل بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے نادہندہ نکلے، 26 لاکھ روپے سے زائدٹیکس کا نوٹس سابق کرکٹر کو بھجوادیا گیا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق جائیدادوں کی خریدوفروخت کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ قومی ٹیم کے سابق آف اسپنر سعید اجمل نے  فیصل آباد کے مہنگے ترین علاقے گلبرگ میں جائیداد خریدی تھی۔

ذرائع کے مطابق اپنی جائیداد کو کمرشل کروانے کے لیے انہوں نے فیس بھی ادا کی لیکن اس مد میں انہوں نے ایف بی آر کو ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی۔

ایف بی آر نے سعید اجمل کو جائیداد کے ٹیکس کی مد میں واجب الادا  26لاکھ 57ہزار 500 روپے ادا کرنے کا نوٹس جاری کر کے فوری طور پر رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے۔

سعید اجمل سے اس خبر کے حوالے سے مؤقف لینے کے لیے ان کے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔