LIVE

کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے: پی سی بی

ویب ڈیسک
March 10, 2020
 

کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر میں عوامی اجتماعات اور پی ایس ایل طرز کے ایونٹ پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی ہے اور پی سی بی نے حکومتی تجویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں ابھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) کے پانچ میچز ہونا باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت سے شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔

کراچی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی اور اس دوران کراچی میں ہونے والے میچز کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور  وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہو گی اس پر پی سی بی مکمل عملدر آمد کرے گا۔

پی سی بی حکام کے مطابق  پی ایس ایل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹر خان آج کراچی پہنچیں گے مگر فی الحال میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔