LIVE

اسٹیٹ بینک نے آن لائن فنڈ ٹرانسفر پر رقم کی کٹوتی ختم کردی

ویب ڈیسک
March 18, 2020
 

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صارفین کو سہولت فراہم کرتے ہوئے  آن لائن فنڈ ٹرانسفر پر رقم کی کٹوتی ختم کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں کہ صارفین کو بینک ( اے ٹی ایم) جانے اور نقدی ہاتھ میں لینے کی ضرورت کم سے کم پڑے۔

اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات جیسے انٹرنیٹ بینکنگ اور موبائل بینکنگ کو  فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر یا آن لائن فنڈ ٹرانسفر پر تمام چارجز ختم کردیے گئے ہیں، جس کے بعد صارفین بغیر چارجز کے رقوم کی آن لائن منتقلی سے بینک یا اے ٹی ایم جانے کی زحمت سے بچ سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل لین دین کے دوران ممکنہ فراڈ سے بچنے کے لیے بھی بینکوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ سائبر نگرانی کو سخت سے سخت بنائیں۔