LIVE

ڈرو نہ ڈرو نہ ڈرو نہ، کورونا سے مل کر سب لڑو ناں: ڈی سی حافظ آباد کا وکھرا انداز

ویب ڈیسک
March 19, 2020
 

کورونا وائرس کی روک تھام اور عالمگیر وبا کے حوالے سے آگاہی کے لیے جہاں دنیا بھر میں مختلف انداز اپنائے جا رہے ہیں وہیں اس حوالے سے انوکھے گانے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

پہلے بھارت میں کچھ خواتین نے کورونا کے حوالے سے ایک گایا اور پھر بھارتی ریاست کیرلا کی پولیس نے بھی کورونا کے حوالے سے چہروں پر ماسک پہن کر ڈانس کے ذریعے عوام کو ہاتھ دھونے کا طریقہ سمجھانے کی کوشش کی جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان میں بھی حکومتی سطح پر حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور مختلف شہروں میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

موذی مرض کے حوالے سے عوام میں آگاہی کے لیے جہاں مختلف طریقہ کار اپنائے جا رہے ہیں وہیں پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد کی جانب سے عوام کے لیے بنایا گیا پیغام بھی بہت مقبول ہو رہا ہے۔

ڈی سی نوید شہزاد نے ایک پرانے گانے کے میوزک کے ساتھ اپنی آواز میں کورونا کے حوالے سے گانا “ ڈرو نہ، ڈرو نہ ڈرو نہ، کورونا سے مل کر سب لڑو ناں “ گایا جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔