LIVE

ایران میں موسلادھار بارش اور سیلاب، مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک
April 01, 2020
 

ایران کے جنوبی اور وسطی صوبوں میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے: ترجمان ایمرجنسی سروسز— فوٹو:فائل 

ایران کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ہے اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایران میں جہاں ایک طرف کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے تو وہیں اب موسلادھار بارش نے بھی تباہی مچادی ہے۔

ایران کے جنوبی اور وسطی صوبوں میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

ترجمان ایمرجنسی سروسز کے مطابق مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔

ایمرجنسی سروسز کے ترجمان مجتبیٰ خالدی کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں کے باعث صوبہ فارس میں 11، ہرمزگان میں اور قم میں 3، 3 جبکہ سیستان اور بلوچستان میں 2، 2 اور بشہر اور خزیستان میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق رواں مہینے مزید شدید بارشوں کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی مارچ اور اپریل میں ایران میں شدید بارشیں ہوئی تھیں جس کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں 76 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔