LIVE

فکسنگ کو روکنے کیلئے پی سی بی نے سخت فیصلے نہیں کیے: شاہد آفریدی

سید یحییٰ حسینی
April 02, 2020
 

پاکستان کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ  پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی میں اگر کوئی مثال میچ فکسنگ کے معاملے میں ملوث کھلاڑیوں کے لیے قائم کی ہوتی تو آج ہمیں بدنامی کا سامنا نہیں کر نا پڑتا۔

ٹیسٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے لیے سخت قوانین بنانے چاہییں۔

نمائندہ جیو نیوز سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ بہت ساری چیزوں کو دیکھ کر چلنا پڑتا ہے اور سخت فیصلے کرنے ہوتے ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم نے ماضی میں اس بارے میں نہ کچھ کیا اور نہ ہی مثالیں قائم کیں جس کے بعد اس طرح کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔

پاکستان کے لیے بین الااقوامی کر کٹ میں 558میچوں میں 11196رنز اور 541وکٹیں حاصل کر نے والے مایہ ناز آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ حقیقیت یہ ہے کہ ماضی میں ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں، ہم نے وہاں مثالیں قائم نہیں کیں لیکن اب وقت ہے کہ محمد حفیظ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں ،وہ درست کہہ رہا ہے ،اب آپ قوانین بنائیں اگر اس قسم کے معاملات سے مستقبل میں بچنا چاہتے ہیں ۔