LIVE

اسٹیٹ بینک نے نوجوانوں میں مالی آگاہی کو فروغ دینے کیلیے آن لائن گیم متعارف کرادیا

ویب ڈیسک
April 03, 2020
 

فوٹو: بشکریہ بزنس ریکارڈر

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیشنل فنانشل لیٹریسی پروگرام اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کی شراکت داری کے ساتھ نوجوانوں میں مالی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے ای لرننگ پورٹل اور آن لائن گیم کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے آغاز کیے جانے والے اس ای لرننگ پورٹل کو نوجوانوں میں مالی مینجمنٹ کی مہارت اور مالی معاملات کی تفہیم کو مستحکم کرنےکے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ’ یہ ملک کا پہلا آن لائن مالی لٹریسی کورس ہے جس میں اسباق کہانی پر مبنی گیم فارمیٹ کے ذریعے اردو اور انگریزی زبان میں فراہم کیے جائیں گے‘۔

اس گیم کو عمر کے اعتبار سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک (3 سے 12) یعنی بچوں کے لیے، دوسرا (13 سے 17) یعنی نوجوانوں کے لیے جب کہ تیسرا (18 سے 29) یعنی بالغوں کے لیے۔

اسٹیٹ بینک کے گیم 'پوم پاک' کو صارفین ڈیسک ٹاپ براؤزر پر استعمال کر سکتے ہیں جب کہ اس گیم کو صارفین گوگل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کر کے اسمارٹ فونز پر بھی کھیل سکتے ہیں۔

یہ گیم پاکستانی عوام کو ایک کامیاب کاروبار کا آغاز کرنے سے متعلق مددگار ثابت ہوگا۔