LIVE

پاکستان کا افغانستان سے داعش خراسان گروپ کے گرفتار سربراہ کی حوالگی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
April 09, 2020
 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے بارہا افغان حکومت کو آگاہ کرتا رہا ہے،فوٹو:افغان خفیہ ایجنسی،ٹوئٹر

پاکستان نے افغان حکومت سے داعش خراسان  گروپ کے  گرفتار  سربراہ اسلم فاروقی کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور داعش  خراسان گروپ کے اسلم فاروقی کی گرفتاری پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیاگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  پاکستان کو داعش خراسان گروپ کی سرگرمیوں پر تشویش ہے  اور یہ گروپ پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں بھی ملوث ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے بارہا افغان حکومت کو آگاہ کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ 5 اپریل کو افغانستان میں افغان فورسز نے ایک آپریشن کے دوران  داعش خراسان گروپ کے سربراہ عبداللہ اورکزئی عرف  اسلم فاروقی کو 19دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔