LIVE

ہلال احمر کا ڈاکٹروں کو این 95 ماسک اور حفاظتی سامان فراہم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
April 12, 2020
 

چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں جنہیں عام ماسک پہنے دیکھ کر دکھ ہورہا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ہلال احمر کے چیئرمین ابرار الحق کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر نے چین سے 80 ہزار این 95 ماسک درآمد کیے ہیں، کل سے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو  این95 ماسک اور حفاطتی سامان فراہم کریں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ہمیں اپنے مطلوبہ  سامان سے متعلق بتائیں، طبی عملے کو 2 لاکھ این 95 ماسک فراہم کیے جائیں گے۔

چیئرمین ہلال احمر کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن ہیرو ہیں، ان کی حفاظت ضروری ہے اور انہیں این 95 ماسک فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسزکی تعداد 5 ہزار 185 ہوچکی ہے جن میں سے 88 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حفاظتی لباس اور ماسک کی کمی کے باعث ملک بھر میں متعدد ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ 2 ڈاکٹر اور ایک پیرامیڈکس کا کورونا کی وجہ سے انتقال بھی ہوچکا ہے۔