LIVE

چیئرپرسن مسابقتی کمیشن کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

اویس یوسف زئی
April 23, 2020
 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل اور دو ارکان کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو 30 دن میں ان آسامیوں پر شفاف انداز میں تعیناتیوں کے ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل سمیت دو ارکان ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹر شہزاد عنصر کی بحالی کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل پر 14 اپریل کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ تعیناتیاں درست انداز میں نہیں کی گئیں اس لیے ان کی بحالی کے فیصلے کو کاالعدم قرار دیا جاتا ہے تاہم تعیناتی کے بعد اور عہدے سے ہٹانے کے عدالتی حکم کے دوران کیے گئے تمام فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہو گا، وفاقی حکومت 30دنوں میں شفاف انداز میں خالی آسامی پر تعیناتی کرے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور 2 ارکان کو عہدوں سے ہٹایا تھا اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے 3 فروری 2020 کو انہیں عہدوں پر بحال کرنے کا فیصلہ دیا تھا جس کے خلاف وفاق نے انٹراکورٹ اپیل کی جسے منظور کر لیا گیا۔