LIVE

آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ، بھارت کو مؤثر جواب دینے کے عزم کا اعادہ

ویب ڈیسک
April 29, 2020
 

بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ چند دنوں سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کے بعد پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی کا دورہ کیا ہے۔

اپنے دورے کے دوران جوانوں اور افسران سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ہمیشہ مؤثر جواب ملے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا جہاں انہیں ایل او سی کی صورتحال  اور بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پربریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے جان بوجھ کر معصوم شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس دوران آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ہمیشہ مؤثر جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا ظلم و جبر ناقابل قبول ہے، پاک فوج ایل او سی پر بے گناہ کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی اور ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع بھی یقینی بنائے گی۔

اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا سے متعلق فارمیشن کی احتیاطی تدابیر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں کو سپورٹ کرتی رہے گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس اور رمضان المبارک کے باوجود بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی توپ خانے سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔