LIVE

حکومت کا کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
May 05, 2020
 

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے معاملے پر سید فخرامام کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو  پیر کو تین بجے شروع ہوگا۔

دوسری جانب پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پیرکو 3 بجے پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ طے ہوا کہ اس اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی اور  اسے کورونا وبا تک محدود رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پریس گیلری کے علاوہ وزیٹرز کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی اور اس دوران پارلیمنٹ لاجز میں بھی آمدورفت کو محدود رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن متعدد بار مہلک وبا کے معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرچکی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 13 مارچ کو کورونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرائی تھی۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے اموات اور متاثرہ کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے اب تک 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد ہے۔