Time 13 مارچ ، 2020
پاکستان

ن لیگ کا کورونا کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کے لیے مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادی— فوٹو:فائل 

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کے لیے مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادی ہے۔

آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کورونا کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر ایوان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایوان کو بتایا جائے کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کی کیا تیاری کررہی ہے؟ 

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رہا ہے لیکن ہماری حکومت ابھی صرف مشاہدہ کر رہی ہے۔

اس دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایوان کو بتایاکہ ملک میں کورونا وائرس کے 21 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے لہٰذا معاملے پر خوف و ہراس نہ پھیلایا جائے۔

بعدازاں کورونا وائرس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

خیال رہے کہ آج بھی کورونا وائرس کا ایک مریض کراچی سے سامنے آیا ہے جس کی عمر 52 سال بتائی گئی ہے اور وہ 2 روز قبل اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔

یہ کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی تھی جن میں سے اب تک سندھ میں کیسز کی تعداد 16، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جبکہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے تاہم اب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اچانک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 بتادی ہے۔

پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے 5 اپریل، ایران اور افغان بارڈرز 14 روز کیلئے بند ہونگے

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوا جس میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 14 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرحدوں کی بندش کا اطلاق 16 مارچ 2020 سے ہوگا۔ اس کے علاوہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 5 اپریل تک مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید خبریں :