LIVE

اپریل میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی فروخت مقرر ہدف سے 4 ارب روپے سے زائد رہی

ویب ڈیسک
May 06, 2020
 

اپریل کی سیل مقرر ہدف سے بھی 4 ارب 51 کروڑ 16 لاکھ روپے زیادہ رہی، تمام 9 زونز نے مقررہ ہدف کے مقابلے میں زیادہ سیل کی: دستاویز— فوٹو: فائل 

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ اپریل میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی فروخت 12 ارب 51 کروڑ 16 لاکھ روپے رہی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کی سیل مقررہ ہدف سے بھی 4 ارب 51 کروڑ 16 لاکھ روپے زیادہ رہی جبکہ سیل کا ہدف 8 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔

دستاویز کے مطابق گذشتہ ماہ تمام 9 زونز نے مقررہ ہدف کے مقابلے میں زیادہ سیلز کیں جس کے مطابق لاہور زون کی سیل سب سے زیادہ 2 ارب 30 کروڑ 81 لاکھ روپے رہی۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں اسلام آباد زون کی سیل 2 ارب 30 کروڑ 56 لاکھ روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور زون کی سیل ایک ارب 58 کروڑ 25 لاکھ روپے رہی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز دستاویز کے مطابق ملتان ایک ارب 61 کروڑ، فیصل آباد زون کی سیل ایک ارب 51 کروڑ روپے  جبکہ ایبٹ آباد ایک ارب 24 کروڑ اور کراچی زون کی سیل ایک ارب 9 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سکھر 61 کروڑ، کوئٹہ زون کی سیل 26 کروڑ 17 لاکھ روپے روپے رہی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو رواں سال جنوری میں 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ رمضان ریلیف پیکج بھی دیا گیا ہے۔