LIVE

عمران خان کی کابینہ میں غیر منتخب افراد کی تعداد 19 ہوگئی

ویب ڈیسک
May 14, 2020
 

 کابینہ کا مجموعی حجم بڑھ کر 51 ہوگیا ہے جس میں سے 19 افراد غیر منتخب ہیں،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں ایک اور غیر منتخب شخصیت کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعدکابینہ میں غیر منتخب افراد کی تعداد بڑھ کر 19 ہوگئی ہے۔

عمران خان کی کابینہ میں حال ہی میں سیاسی رابطہ کاری میں معاونت کیلئے غیر منتخب شخصیت ڈاکٹر شہبازگل کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے بعد کابینہ کا مجموعی حجم بڑھ کر 51 ہوگیا ہے جس میں سے 19 افراد غیر منتخب ہیں۔

وفاقی کابینہ میں وزراء کی  کل تعداد 27 ، وزرائے  مملکت 4 جب کہ مشیروں کی تعداد 5 ہے ، اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 15 ہوچکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے 2 معاونین کے پاس وفاقی وزیر کا درجہ ہے جن میں  معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ  ثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے  اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب شامل ہیں۔

وزارت اطلاعات کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ بھی غیرمنتخب شخصیت ہیں  جب کہ کابینہ کے غیر منتخب ارکان میں 7 ڈاکٹرز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ  وزیراعظم نے 6 اہم وزارتوں کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہوا ہے، وزیراعظم تجارت، ماحولیاتی تبدیلی، پارلیمانی امور، خزانہ اور وزارت صحت کے وزیر بھی ہیں جب کہ  وزارت سمندر پار پاکستانیز کا قلمدان بھی ان کے پاس ہے۔