LIVE

وزیراعظم ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ اویس شاہ

ویب ڈیسک
May 15, 2020
 

حکومت سندھ نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کردیا۔

اپنے بیان میں سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ  اویس شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں مگر  پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے، روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں ٹرانسپورٹ نہیں کُھل سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ کار طے ہونے کے بعد فیکٹری مالکان نے بھی اس پر عمل نہیں کیا۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ملک اٹلی نہ بن جائے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی پر لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کررہے۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں نے ضابطہ کار کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ 

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکا اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟