LIVE

کرپشن کے وائرس کا تریاق عمران خان ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک
May 16, 2020
 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ساتھ کرپشن کا وائرس بھی ملک کو نقصان پہنچارہا ہے، کرپشن کے وائرس کا تریاق عمران خان ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کےخون کو چوسنے والے وائرس کو عمران خان ہی ختم کریں گے، ایک کورونا وائرس اور دوسرا وائرس کرپشن کا وائرس ہے جوملک کو 30 سال سے لگا ہوا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا تو ہم خوش تھے لیکن شہباز شریف بیماری سے بچنے کیلئے خود نہیں آئے اور ساتھیوں کو بھیج دیا، اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں حکومت کو نااہل ثابت کرنے کی کوشش کی، کیا قومی اداروں کو مضبوط کرنا نااہلی ہے؟

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مزید کہا کہ کیا کرپشن کے خلاف جنگ کو آگے بڑھانا نااہلی ہے؟ کیا غریب عوام کا خیال رکھنا اور ان کو ریلیف دینا نااہلی ہے؟

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کورونا کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم نے حقائق کے مطابق صورتحال عوام کے سامنے رکھیں، پاکستان کو معاشی طور پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت وبا سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ کے مطابق کام کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،کل وزیراعظم نے کابینہ ممبران کے ساتھ تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں، وزیراعظم عمران خان نے 8 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا، 480ارب روپے معیشت کی بہتری کیلئے رکھے گئے، 570ارب روپے عوام کے ریلیف کیلئے مختص کیے گئے،احساس پروگرام کے ذریعے 104 ارب روپے 85 ہزار خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے، دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔