Time 16 مئی ، 2020
پاکستان

وزیراعظم بدھ تک اجازت دیں تو ٹرینیں چلا دیں گے: شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان اگر بدھ تک اجازت دیتے ہیں تو ہم ٹرینیں چلا دیں گے۔

شیخ رشید احمد کی سربراہی میں ریلوے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں ہماری ذمہ داری کئی گنا بڑھ جائے گی، ریلوے افسران ہر طرح کی تیاری مکمل رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کورونا میں بھی دنیا بھر میں ٹرین چل رہی ہے، ہم کورونا سے بچاؤ کے لیے جتنی حفاظتی تدابیر اختیار کر سکتے تھے کر رہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم نے بدھ تک ٹرینیں چلانے کی اجازت دیدی تو ہم ٹرینیں چلا دیں گے، بدھ تک ٹرین چلانے کا فیصلہ نہ ہوا تو 24 کروڑ روپے لوگوں کو واپس کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا ہمارے پاس کوئی ریونیو نہیں ہے اور معاشی حالات برے ہیں، لوگوں کو کہا ہے کہ خود ماسک اور حفاظتی اقدامات کر کے آئیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں نے ایڈوانس ٹکٹ خریدی ہیں انہیں اہمیت دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ عید کے بعد نیب دونوں طرف جھاڑو پھیرے گی اور گرفتاریاں ہوں گی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا شہباز شریف اپنا سافٹ ویئر بدلیں تو ہی بچ سکتے ہیں۔ 

مزید خبریں :