LIVE

بھارت میں کورونا کے مزید 5 ہزار کیسز کی تصدیق، دنیا میں مریضوں کی تعداد 47 لاکھ سے تجاوز

ویب ڈیسک
May 17, 2020
 

مہلک کورونا وائرس سے پوری دنیا نبرد آزما ہے اور  اب تک اس کے مکمل خاتمے کے لیے کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 47 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  کے مزید 5 ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے  جب کہ 120 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

بھارت میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 90 ہزار 927 ہو چکی ہے جب کہ اموات کی کل تعداد 2 ہزار 872 تک پہنچ گئی ہے۔

 بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی تعداد نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس طرح وہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں گیارہویں نمبر پر  آگیا ہے۔

امریکا بدستور کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں صف اول ہے جہاں نئے اعداد و شمار کے مطابق اموات کی مجموعی تعداد 90 ہزار 113ہو چکی ہے جب کہ15لاکھ 7 ہزار 773 افراد اب تک متاثر بھی ہو چکے ہیں۔

اٹلی نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اور اموات میں مسلسل کمی آنے کے بعد پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اٹلی میں اب تک کورونا سے 31 ہزار 763 اموات اور 2 لاکھ 24 ہزار 885 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے شمالی علاقوں میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد فروری میں ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کر دیا تھا اور پھر تقریبا 2 ماہ سے زائد عرصے کے بعد 4 مئی کو یورپی ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی پیدا ہونا شروع ہوئی۔

ہنگری کے دارالحکومت بڈا پسٹ میں پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلا ن کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق دو ہفتے قبل ہنگری کے دیگر علاقوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی جب کہ دیہی علاقوں میں کرفیو نرم کر دیا گیا تھا۔

ہنگری میں  پیر سے دکانیں بھی کھولنے کی اجات ہو گی ساتھ ہی ریسٹورینٹ، پارک، چڑ یا گھر،کھیل کے میدان  بھی کھول دیے جائیں گے۔

ہنگری حکومت کے مطابق اس دوران ماسک پہننا اور ڈیڑھ میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہو گا۔

ہنگری میں کورونا وائرس سے اب تک 451 مریض انتقال کرچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 509 ہے۔

ادھر زمبابوے میں عائد لاک ڈاؤن میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے زمبابوے کے صدر کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا ہر دو ہفتے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

زمبابوے میں اب تک کورونا سے 4 افراد ہلاک ہو چکے جب کہ کیسز کی تعداد 42 ہے جو دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

دوسری جانب  ایرانی صدر حسن روحانی نے  ملک میں یوم القدس کی ریلیوں اور عید الفطر کے اجتماعات منعقد کرنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 1 لاکھ 18 ہزار 392 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 937 ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 47 لاکھ 22 ہزار 233 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے  18لاکھ 13 ہزار سے زائد مریض شفا یاب ہو چکے ہیں جب کہ 3 لاکھ 13 ہزار سے زائد متاثرین انتقال کر چکے ہیں۔