LIVE

رپورٹ میں اصل چینی چور وزیراعظم اور عثمان بزدار کا ذکر تک نہیں، شاہد خاقان

ویب ڈیسک
May 21, 2020
 

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ  چینی چور وزیراعظم کو اتنی آسانی سے بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان نے خود کو اور اپنی کابینہ کو بچانے کیلئے رپورٹ کا سرکس لگایا۔

شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر حکومتی ارکان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‎ایک اور جھوٹی پریس کانفرنس میں عمران خان کی چوری چھپانے کی تفصیل بیان کی گئی، میڈیا پر سرکس میں اصل چینی چور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ذکر تک نہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ہے کہ‎ فیصلوں کی منظوری دینے والے عمران خان، حفیظ شیخ، اسد عمر اور عثمان بزدار ہیں اور ‎سچ یہ ہے کہ وزیراعظم نے چینی برآمد کرنے کی اس وقت اجازت دی جب ملک میں قلت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ‎عمران خان کو بچانے کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور حکومتی اختیار کا بدترین استعمال ہوا اور عمران خان نے خود کو اور اپنی کابینہ کو بچانے کیلئے رپورٹ کا سرکس لگایا۔

ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ پڑھنے کے بعد اور مشاورت کے ساتھ مسلم لیگ ن اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی جس کے تحت جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار چینی بحران کے ذمے دار قرار دیے گئے ہیں۔

فرانزک آڈٹ رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جبکہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔