LIVE

کورونا کیسز میں اضافہ: شہباز شریف کا ازسرنو حکمت عملی تشکیل دینے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
May 26, 2020
 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد اوراموات میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ملک میں کورونا سے اموات اور کیسز میں اضافے پر اپنے بیان میں شہباز  شریف کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے اور پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟ تفصیل بتائی جائے، اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت حکمت عملی کیا ہے؟ قوم کو آگاہ کیا جائے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیاجاسکے،  پچھتانے، ہاتھ ملانے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں بلکہ بہتر ین تدابیر سے نقصانات کم کیے جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکر حالات کا جائزہ لیا جائے اور موجودہ  صورتحال کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔

قائد حزب اختلاف نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور 1210 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

کورونا کیسز میں اضافے پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین بھی دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔