LIVE

پیرس کلب نے پاکستان کا قرضہ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک
June 10, 2020
 

ترقی پذیر ممالک کو قرض فراہم کرنے والے ممالک پر مشتمل گروپ پیرس کلب نے  پاکستان کا قرضہ مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیرس کلب کی جانب سے  جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان قرضوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کا اہل ہے جب کہ جی ٹوئنٹی ممالک بھی قرضوں کو مؤخر کرنے کی توثیق کرچکے ہیں۔

پیرس کلب کے مطابق قرض فراہم کرنے والے ممالک کے نمائندوں نے پاکستان کا قرضہ یکم مئی سے 31 دسمبر تک مؤخر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پیرس کلب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا قرضہ مؤخر کیا گیا ہے اور  اس سے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں  ریلیف مل سکے گا۔

پیرس کلب نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے پاکستان کو کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس کلب سے قرضے مؤخرکرنے سے پاکستان کو 1 ارب 10کروڑ ڈالرکا ریلیف ملےگا۔

اس سے قبل پاکستان کوپیرس کلب کےقرضوں کی رواں سال جون تادسمبر ادائیگیاں کرنی تھیں،جی 20 ممالک قرضے مؤخر کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے یہ ادائیگیاں مؤخر کرنے کی سفارش کی تھی جب کہ وزیراعظم  عمران خان نے بھی ترقی پذیر ملکوں کے قرض معاف کرنے یا ادائیگیاں مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔