LIVE

نیپرا نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا، کے الیکٹرک سے جواب طلب

ویب ڈیسک
June 24, 2020
 

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کےالیکٹرک کو تفصیلی رپورٹ فوری جمع کرانے کاحکم دیا ہے— فوٹو:فائل

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔ 

اعلامیے کے مطابق نیپرا نے کےالیکٹرک کی جانب سے بجلی کے مبینہ زیادہ بلز وصول کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کےالیکٹرک کو تفصیلی رپورٹ فوری جمع کرانے کاحکم  دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اووربلنگ اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق بجلی کے زیادہ بلز سے متعلق صارفین کو نیپرا ریجنل آفس کراچی میں شکایات درج کرانےکی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ صارفین اپنی شکایات نیپرا ویب سائٹ پر بھی درج کرا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کو بہانا بناکر شہر میں گرمی بڑھتے ہی اعلانیہ اور  غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔

شہر میں جاری لوڈشیڈنگ سے کورونا کے باعث گھروں میں آئسولیشن میں رہنے والے مریض بھی تلملا اٹھے ہیں۔