LIVE

’پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے، پاکستان میں قیمتیں اب بھی کم ہیں‘

ویب ڈیسک
June 27, 2020
 

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کو قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے، گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی 3 روپے کمی ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان وجوہات پر پیٹرول کی قیمت میں 31 روپے 58 پیسے اور ڈیزل قیمت میں 24 روپے 31 پیسے اضافہ بنتا تھا لیکن حکومت نے پیٹرول قیمت میں 25 روپے 58 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے 31 پیسے اضافہ کیا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بھی برصغیر میں پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں ایشیا کے مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا پاکستان میں قیمتوں سے موازانہ بھی پیش کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا ہے۔