LIVE

چین اور امریکا و دیگر ممالک کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت

ویب ڈیسک
June 29, 2020
 

چین  اور امریکا  سمیت مختلف ممالک نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

چین نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کی پُر زور حمایت کرتا ہے۔

 ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور  پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

 امریکا نے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں حملے کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں، حملے میں ملوث افراد کو یقیناً انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا  ہے کہ پاک فوج سے تمام شعبوں میں شکست کھا کردہشت گرد اپنی فرضی طاقت کااظہار کر رہےہیں۔

 پاکستان میں جاپانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملہ اس وقت ہوا جب پاکستان تیزی سے امن و استحکام کی طرف رواں ہے۔

جاپانی سفیر کا کہنا ہے کہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔