LIVE

کورونا کے مریضوں کے پیشاب اور فضلے میں بھی وائرس کی موجودگی کا انکشاف

رئیس انصاری
July 06, 2020
 

لاہور میں کورونا کے مریضوں کے پیشاب اور فضلے میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ انکشاف ویٹرنری سائنس یونیورسٹی لاہور میں کورونا کے مرض پر تحقیق کے دوران ہوا ہے۔

 یونیورسٹی کے ڈائریکٹر مائیکرو بائیولوجی ڈاکٹر طاہریعقوب کے مطابق تحقیق کے دوران 40 مریضوں کے پیشاب اور فضلے میں کورونا وائرس پایا گیا جب کہ مریضوں کے علاقے میں سیوریج کے بھی ٹیسٹ لیے گئے تھے اور ان نمونوں میں بھی وائرس موجود تھا۔

ڈاکٹر طاہریعقوب کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ لاک ڈاؤن سے پہلے اسمارٹ سرویلنس کیاجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے ٹیسٹوں کے دوران لوگوں نے اپنے پتے غلط بھی لکھوائے تھے، سیوریج سےٹیسٹ کرنے سے پتہ چل جائے گا کہ علاقے میں کورونا وائرس ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ  پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 81 ہزار 963 اور ہلاکتیں 1884 ہوچکی ہیں جب کہ لاہور میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 720 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔