LIVE

انٹرنیشنل پائلٹس ایسوسی ایشن کا وزیراعظم کو خط، پائلٹس کے لائسنس جعلی قرار دینے پر تحفظات

عدنان ملک
July 08, 2020
 

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں وزیر ہوابازی کی جانب سے بغیر تحقیقات پائلٹس کے لائسنس جعلی قرار دینے پر شدید تحفظات کااظہار کیا گیا ہے۔

تنظیم نےمطالبہ کیا ہےکہ مبینہ جعلی لائسنسز کی تحقیقات میں ہوابازی سے متعلقہ عالمی اداروں کوبھی شامل کیاجائے۔

کمرشل پائلٹوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیر لائنز  پائلٹس ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن جیک نیستکار نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کےنام خط میں لکھا کہ ان کی تنظیم دنیا بھرمیں ایک لاکھ چالیس ہزار کمرشل پائلٹوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام آزاد مبصرین کے مطابق مسئلہ پاکستانی پائلٹس کا نہیں بلکہ خود پی آئی اے کا ہے، پاکستانی وزیر ہوابازی کے بیان کے اثرات یورپ میں پی آئی اے پر پابندی کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم کا مطالبہ ہےکہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن، ایاٹا اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن کو پاکستان میں پائلٹس لائسنس اسکینڈل اور طیارہ حادثےکے خلاف تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔