LIVE

کراچی میں پہلی بار تھانوں کے اخراجات کیلئے باقاعدہ بجٹ کی منظوری

افضل ندیم ڈوگر
July 10, 2020
 

شہر کے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسر اور ٹریفک کے سیکشن کے لیے بھی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے،فوٹو:فائل

کراچی کے تھانوں میں جملہ اخراجات پورے کرنے کے لیے  پولیس کو اب شہریوں کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا کیونکہ اس کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے پہلی بار باقاعدہ طور پر بجٹ منظور کرلیا گیا ہے۔

تھانوں کے اخراجات  کے لیے بجٹ کی منظوری کے بعد رقوم کی براہ راست تھانوں کو فراہمی شروع کی جا رہی ہے۔

جیو نیوز کو موصول بجٹ دستاویزات کے مطابق ضلع جنوبی کے ماڈل تھانے کلفٹن کے لیے ایک کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار روپے، ضلع شرقی کے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کے لیے ایک کروڑ 63 لاکھ 37 ہزار 696 روپے، ویسٹ زون کے لیاقت آباد ماڈل پولیس اسٹیشن کے لیے 97 لاکھ 20 ہزار روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔

 شہر کے دیگر تھانوں کو وہاں کی آبادی اور حدود کے حساب سے بجٹ دیا گیا ہے جن میں کچھ تھانوں کو 80 لاکھ سے زائد بھی دیے گئے ہیں جب کہ بیشتر تھانوں کا بجٹ 30 لاکھ روپے سے زائد سالانہ ہے۔ 

کراچی کے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسر اور ٹریفک کے سیکشن کے لیے بھی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے اور  ٹریفک سیکشن کو سالانہ 17 لاکھ روپے اوسط بجٹ دیا جارہا ہے۔ 

کراچی کے زونل ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز، ایس پیز انوسٹی گیشن، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی سی آئی اے اور دیگر شعبوں کو بھی بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق ماضی میں یہ بجٹ زونل سربراہان یا ایس ایس پیز تک جاتا تھا اور پولیس میں مبینہ کرپشن کی وجہ سے تھانوں کی سطح پر رقوم نہیں پہنچ پاتی تھیں اور  ایس ایچ او اور تفتیشی افسران کو اخراجات کے لیے مدعیان یا ملزمان کی طرف دیکھنا پڑتا تھا۔

نئی حکمت عملی سےکرپشن پرقابو پانے میں مدد ملے گی: ایڈیشنل آئی جی

 ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے نے جیو نیوز کو بتایا کہ کراچی میں تھانوں کی سطح پر وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کے لیے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ کرپشن اور جرائم پر بخوبی قابو پایا جاسکے۔

 ان کا کہنا ہے کہ  یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی پولیس کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ کو منظور کیا۔

 کراچی پولیس چیف کے مطابق یہ بجٹ متعلقہ تھانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جائےگا اور  ایس ایچ اوز یا ٹریفک سیکشن انچارجز کے دستخط سے رقوم نکالی جاسکیں گی جس کا باقاعدہ طور پر آڈٹ بھی کیا جائے گا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ تھانوں کی سطح پر بجٹ کی فراہمی سے ایسے ایماندار پولیس افسران کو عوام کی بھرپور خدمت کا موقع ملے گا جو تھانہ کلچر میں کرپشن کی وجہ سے عہدوں پر تعیناتیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اس سلسلے میں آئی جی سندھ کی کاوشوں اور ان کی پولیس فورس میں مثبت تبدیلی پر کیے جانے والے اقدامات پر شکریہ ادا کیا ہے۔

کراچی میں ماڈل تھانوں کے ساتھ ساتھ دیگر پولیس اسٹیشنز میں بھی بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے گا اس ضمن میں بجٹ کی بلا تاخیر فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

کراچی پولیس میں تھانوں کی سطح پر بجٹ کی فراہمی سے کرپشن پر بہتر انداز میں قابو پایا جا سکے گا اور محکمے میں احتساب کا عمل مضبوط ہوگا۔