LIVE

تین دن ہوگئے تحریک انصاف نے میرے سوالوں کے جواب نہیں دیے، بلاول

ویب ڈیسک
July 15, 2020
 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج تیسرا دن ہوگیا تحریک انصاف نے میرے اٹھائے گئے سوالات کے جواب نہیں دیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزیروں کےفرنٹ مین بی آرٹی منصوبے میں کرپشن میں ملوث ہیں۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان اور ان کے فرنٹ مین کےالیکٹرک کی کرپشن کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کی بہن کی کرپشن کامعاملہ بھی اٹھایا، مگر کوئی جواب نہیں ملا، پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے میں نے سوال اٹھائے مگر نیب اور عدالتیں خاموش ہیں۔

 بلاول نے مزید کہا کہ اس سلیکٹڈ حکومت کی کرپشن نے ساری حدیں پار کر دی ہیں، بی آرٹی پروجیکٹ کرپشن کی مثال بن چکا ہے اور اس کے ٹھیکیداروں کو مزید ٹھیکے دیے جا رہے ہیں۔ پی آئی اے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا اے ٹی ایم ابراج گروپ اور کے الیکٹرک مل کر کراچی کے عوام کا خون چوس رہے ہیں جبکہ نیب اس کرپشن کی طرف دیکھ ہی نہیں رہا۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے اور بیروزگاری روزانہ کی بنیادی پر بڑھتی جا رہی ہے اور عوام خود کشیاں کر رہے ہیں۔

 پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے ملک میں زبردستی اغواء کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے یاد دلایا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اقتدار میں آنے سے پہلے یہ اعلان کرتے تھے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وہ قانون سازی کریں گے لیکن اب دو سال کے دوران اگر کوئی بھی شہری ریاستی بیانیے سے اختلاف کرتا ہے تو اسے آزادی سے غائب کر دیاجاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اٹھارہویں ترمیم میں ردوبدل کرنے اور این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے پر حکومت کو متنبہ کیا اور کہا کہ اب عمران کے حکومتی اتحادی سب مل کر این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کی بات کر رہے ہیں۔ ایسا کرنے سے ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور صوبے آئین میں گارنٹی شدہ حصے سے کم لینے پر تیار نہیں ہوں گے۔