LIVE

پی آئی اے کی غیر ملکی پرواز میں کورونا مریضوں کی موجودگی کا انکشاف

عدنان ملک
July 18, 2020
 

فوٹو فائل—

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی  لاہور سے ٹورنٹو  کے لیے جانے والی پرواز میں کورونا پازیٹو مسافروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

کورونا پازیٹو مریضوں کی موجودگی کا انکشاف کینیڈین پبلک ہیلتھ ایجنسی نے پی آئی اے حکام کو  ای میل کے ذریعے کیا۔

کینیڈین پبلک ہیلتھ ایجنسی کے مطابق پرواز نمبر 783 پر کورونا پازیٹو مسافروں کا تعلق نشست نمبر 22 تا 28 سے تھا۔

ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد کینیڈا نے پی آئی اے کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹ  کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے نے بھی مسافروں کو پرواز سے 3 دن قبل مخصوص لیبارٹریز سے ٹیسٹ کرانے کا کہہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 جولائی کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا  تھا کہ پوری کوشش ہے پاکستان سے کورونا کا کوئی متاثر باہر ملک نہ جائے، اس لیے باہر ملک جانے والوں کے لیے بھی اسکریننگ لازمی قرار کر دی گئی ہے۔