LIVE

پاکستان میں کورونا سے اموات میں مسلسل کمی ہورہی ہے: امپیریل کالج کی رپورٹ

خاور خان
July 22, 2020
 

امپیریل کالج لندن نے کورونا وائرس کے باعث اموات پر تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان میں کورونا سے 371 ہلاکتیں ہوئیں تھیں اور 20 جولائی سے شروع ہوئے ہفتے میں امید ہے کہ اموات مزید کم ہوں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے پاکستان میں اموات 247 سے 329 کے درمیان رہیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرد سے فرد میں کورونا منتقلی میں پاکستان چوتھے نمبرپرآگیا ہے تاہم ایک سے دوسرے فرد میں منتقلی میں بھی مسلسل کمی آرہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پرفرد سے فرد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح ایک فیصد ہے لیکن پاکستان میں یہ شرح 0.52 سے 0.83 کے درمیان رہی اور مجموعی طورپرپاکستان میں فرد سے فرد میں منتقلی کی شرح صرف 0.73 ہے۔

امپیریل کالج کی رپورٹ کے مطابق فرد سے فرد میں منتقلی کی شرح جتنی کم ہوگی وائرس اتنا کم پھیلے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں فرد سے فرد میں منتقلی کی سب سے کم شرح پرتگال میں ہے، دوسرے پر جرمنی اور تیسرے نمبر پر نائیجیریا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 5682 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔