LIVE

عالمی مارکیٹ میں پہلی بار فی اونس سونا 2 ہزار ڈالر پر پہنچ گیا

ویب ڈیسک
August 04, 2020
 

سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کورونا کے باعث عالمی معیشت کی غیر یقینی صورت حال ہے،فوٹو:فائل

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور پہلی بار سونے کی فی اونس قیمت 2 ہزار ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔

گذشتہ 30 دنوں کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 186.77 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جب کہ 6 ماہ کے دوران 30 فیصد اضافے کے ساتھ سونا 415 ڈالر مہنگا ہوا ہے۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کی غیر یقینی صورت حال ہے اور دنیا بھر میں سرمایہ کار اپنا سرمایہ سونا خرید کر محفوظ کررہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کی دیگر وجوہات میں  امریکا اور چین کے درمیان بڑھنے والی سفارتی اور معاشی کشیدگی اور  ڈالر کی قدر میں کمی بھی ہے۔

معروف امریکی جریدے فاربز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ہفتہ اس حوالے سے انتہائی اہم ہے کیوں کہ امریکا کا فیڈرل ریزرو بینک بدھ یعنی کل  شرح سود کا بھی اعلان کرے گا اور  شرح سود میں تبدیلی ڈالر کی قدر پر اثر ڈالتی ہے اور اس کا اثر سونے کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔