LIVE

کراچی: تیز ہواؤں سے بل بورڈ گرنے کا مقدمہ ڈی ایم سی ساؤتھ سمیت 2 افراد کیخلاف درج

ویب ڈیسک
August 08, 2020
 

کراچی میں دو روز قبل حالیہ بارشوں کے دوران میٹروپول کے قریب بل بورڈ گرنے کے واقعے کا مقدمہ ڈی ایم سی ساؤتھ سمیت دو افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔

کراچی میں جمعرات کے روز مون سون کے چوتھے اسپیل کا آغاز تیز ہواؤں کے ساتھ ہوا اور اس دوران میٹروپول کے قریب تیز ہواؤں سے بل بورڈ سڑک پر موجود موٹرسائیکل سوار افراد پر جا گرا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ زخمی شخص کی مدعیت میں ڈی ایم سی ساؤتھ سمیت 2 افراد کے خلاف درج کر لیا۔

آرٹلری میدان تھانے میں درج مقدمے میں غفلت اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایم سی ساؤتھ، وزیراعلیٰ اور متعلقہ جگہ کے مالک کی سنگین غفلت ہے تاہم مقدمے میں نامزد افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔