LIVE

کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں اموات کی تعداد 19 ہوگئی

ویب ڈیسک
August 09, 2020
 

کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں اموات کی تعداد 19 ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش کے دوران 4 روز  میں کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے، گلستان جوہر اپارٹمنٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں 6 سال کا بچہ جب کہ کٹی پہاڑی پرکرنٹ لگنے سے 13 سالہ بچہ کاشان جاں بحق ہوا، میوہ شاہ قبرستان کے قریب بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

اس کے علاوہ لیاقت آباد، جوہرموڑ، گلشن اقبال، ملیر، ماڈل کالونی، لانڈھی نمبر5، اتحاد ٹاون اور سٹی کورٹ کے قریب کرنٹ سے 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرجانی ندی میں ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہوا جب کہ بنارس کےقریب بھی 6 سال کا بچہ ندی میں ڈوب گیا، لیاری جہان آباد میں گھرکی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

 کے الیکٹرک کا بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم 

دوسری جانب کراچی میں مون سون کی بارش کے بعد کے الیکٹرک کا بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہو گیا جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی گھنٹوں تک بند رہی۔

سائٹ، موسیٰ کالونی، غریب آباد، لیاری، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، ابراہیم حیدری، اولڈ سٹی ایریا، سرجانی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، ملیر، ناظم آباد، لیاقت آباد، بلدیہ، اورنگی اور کورنگی میں بجلی کئی گھنٹوں تک غائب رہی۔

کے الیکٹرک کے مطابق مختلف مقامات پر کیبل فالٹ اب تک درست نہیں کیے جاسکے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب عملے کو کام میں مشکلات کا سامنا ہے، کچھ مقامات پر احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے۔