LIVE

وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی نیب بلاتا ہے لیکن وہ بارات لیکر نہیں پہنچتے، شبلی فراز

ویب ڈیسک
August 11, 2020
 

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی قومی احتساب بیورو (نیب) بلاتا ہے لیکن وہ کبھی بارات لے کر نہیں پہنچے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے  نیب لاہور میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہونے والے واقعے سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن)کے میڈیا ونگ کو مبارکباد دیتے ہیں کہ انہوں نے آج زبردست ڈرامہ کیا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ وہ شعبدہ گر ہیں جو لوٹ مار کرتے ہیں اور عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیتے ہیں، آپ کواپنے کرتوتوں اور لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا،آپ نے ملک کو کنگال بھی کردیا اور دیدہ دلیری دیکھیں پھر پریس کانفرنس کرتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے قانون کے کٹہرےمیں کھڑا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ والد صاحب لندن چلے گئے ہیں اور ورکرز یہاں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، نیب میں آج مریم نواز کوبلایاگیا کہ 11سوکنال زمین کیسے لی؟ لیکن جواب دینے کے بجائے وہ بارات لے آتی ہیں،یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے تھے میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی زمین نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی نیب بلاتا ہے لیکن وہ کبھی بارات لے کر نہیں پہنچے، مریم نواز گروپ نادم ہونے کے بجائے آج پریس کانفرنس کررہا تھا، آج مریم نواز گروپ نے پریس کانفرنس کی، کل شہباز شریف گروپ پریس کانفرنس کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اصل چیز سے توجہ ہٹانا چاہ رہے ہیں لیکن ان کو اپنی لوٹ مار کا جواب دینا پڑے گا،یہ پھرانتظار میں ہیں کب پاکستان کو لوٹنے کا موقع ملے، یہ پاکستان کو لوٹنے کا موقع ملنے کے لیے دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں اور نیب قانون میں ترمیم کے لیے  یہ این ار او مانگ رہے تھے اور کرپشن کی تشریح بتا رہے تھے۔

نیب دفتر کے باہر پتھراؤ، شیلنگ اور بد نظمی

خیال رہے کہ آج نیب لاہور نے مریم نواز کو رائے ونڈ میں خلاف قانون اور خلاف ضابطہ اراضی انتہائی سستے داموں خریدنے کے معاملے میں انکوائری کے لیے طلب کر رکھا تھا۔

مریم نواز کی پیشی سے قبل نیب آفس کے باہر ن لیگی کارکنوں کو آگے جانے سے روکنے پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں دھکم پیل ہوئی اور پھتراؤ کیا گیا جس پر پولیس کی جانب سے بھی لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی۔ 

 بد نظمی کی وجہ سے نیب نے مریم نواز کو واپس جانے کا کہہ دیالیکن مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز واپس جانے کی بجائے جاتی عمرہ رائے ونڈ سے ایک جلوس کی شکل میں نیب آفس پہنچیں۔

اس دوران پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر ن لیگی کارکن مزید مشتعل ہوگئے جس کے بعد کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں بلایا گیا ہے تو اب سنا جائے، انہیں واپس جانے کے پیغامات ملے ہیں لیکن وہ نہیں جائیں گی۔

کچھ ہی دیر بعد نیب نے اس حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا جسے پڑھنے کے بعد مریم نواز وہاں سے روانہ ہو گئیں۔