LIVE

آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم موڑ، مرکزی گواہ اسلم مسعود انتقال کرگئے

اعزاز سید
August 17, 2020
 

سابق صدر آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم موڑ آگیا اور اس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے مرکزی گواہ اومنی گروپ کے اکاؤنٹنٹ اسلم مسعود انتقال کرگئے۔

نیب ذرائع کے مطابق اسلم مسعود راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ اسلم مسعود اومنی گروپ اور آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ تھے اور انہیں سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلم مسعود کی وفات کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے جس کے مطابق قیدی اسلم مسعود کو 20 فروری 2019 کو اسپتال داخل کرایا گیا تھا اور اسی روز قیدی کو ہنگامی بنیادوں اسپتال ریفرکردیا گیا تھا۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے قیدی آج اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگیا لہٰذا عدالت قیدی کے پوسٹ مارٹم کے اجازت دے۔

خیال رہے کہ فروری 2019 میں اومنی گروپ کے سابق عہدے دار اسلم مسعود کو سعودی عرب سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔